
تل ابیب: اسرائیل میں عدالتی اختیارات میں کمی کیلئے قانون سازی کے موقع پر ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرلیا۔ اسرائیل کے مختلف علاقوں سے آئے مظاہرین پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوئے اور نو منتخب وزیراعظم نیتن یاہو کی قانون سازی کے خلاف احتجاج کیا کالے قانون کے خلاف پوسٹرز اٹھائے مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ پوسٹرز پر درج تھا کہ سیاہ قانون واپس لیا جائے، عزت نفس بحال کی جائے اور شرم کرو، دنیا دیکھ رہی ہے۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے سخت گیر یہودی جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت سے اپیل کی تھی کہ اسرائیل میں سماج اور قانون کے ٹکراؤ کا باعث بننے والے اس قانون کو منظور نہ کیا جائے۔تاہم دائیں بازو کی سخت گیر یہودی اتحادی حکومت نے صدر کی ایک بھی نہ سنی اور اس قانون کو منظوری کے لیے پیش کردیا ۔


































