
کراچی(نیٹ نیوز)تحریک آزادی القدس پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام شہر قائد میں جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر آزادی بیت المقدس بائیک اور کار ریلی حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نکالی گئی، جس میں ہزاروں حامیان بیت المقدس اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کے ساتھ شریک ہوئے، شرکائے ریلی نے سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور فلسطین کے پرچم ہاتھوں میں تھام رکھا تھا، شرکائے ریلی کی جانب سے انبیاء کی مقدس سرزمین پر ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کے قبضے اور ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی گئی، اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علی اویس اور علامہ صادق تقوی نے خصوصی خطاب کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکریٹری علی اویس کا کہنا تھا کہ عالمی استعماری طاقتیں مقدس سرزمین پر ناجائز ریاست کے استحکام کیلئے کوشاں ہیں، تو دوسری جانب امت مسلمہ اور عرب حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی فلسطینیوں کیلیے زہرِ قاتل ثابت ہو رہی ہے۔
علامہ صادق تقوی نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم ممالک کو ایک پیج پر آنا ہوگا، صدی کی ڈیل کے نام پر اسرائیل کو تسلیم کروانے کا منصوبہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جبکہ اس معاملے میں نام نہاد مسلم ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاؤ مظلوم فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ ہے۔ ریلی کے اختتام پر ملیر ماڈل کالونی میں گرنے والے پی آئی اے کے طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔ لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، جبکہ عوام سے عید سادگی سے منانے کی بھی اپیل کی۔ریلی اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔


































