
بیجنگ : ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ نے سات سال بعد پہلی ملاقات میں تعلقات کی بحالی کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے چین میں متعین سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون اور معاہدوں کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے اقدامات کو تیز کرنے اور سفیروں کے تبادلے کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقوں نے باہمی تعلقات کی باضابطہ بحالی کی اہمیت پر زور دیا اور تہران اور ریاض میں سفارت خانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی شہر مشہد اور سعودی شہر جدہ میں مشنز کو دوبارہ کھولنے کے انتظامی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیجنگ میٹنگ سے قبل دونوں وزراء کے درمیان 3 بار رابطے ہوئے، جس میں معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اگلے اقدامات، مشنز کو دوبارہ کھولنے کا طریقہ کار اور سابقہ معاہدوں کو فعال کرنے پر گفتگو کی گئی۔


































