
کابل: اقوام متحدہ نے خواتین پر پابندیاں ختم نہ کرنے پر افغانستان میں آپریشن بند کرنے کا انتباہ دے دیا۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے کہا کہ طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی ہیں۔ اس وجہ سے اقوام متحدہ ان کی تعمیل نہیں کر سکتا۔ اس پابندی کے ذریعے طالبان حکام اقوام متحدہ کومجبور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ افغان عوام کی حمایت میں رہنے اورخدمات جاری رکھنے کے درمیان میں سے ایک خوفناک انتخاب کرے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ افغان عوام کے لیے اس بحران کے کسی بھی منفی نتائج کی ذمہ داری طالبان حکام پر ہوگی۔ یہ بالکل واضح ہے کہ کوئی بھی اتھارٹی اقوام متحدہ کو ہدایات نہیں دے سکتی ہے کہ کس کو ملازمت دی جائے اس معاملے پر بالکل رعایت نہیں کی جائے گی۔ طالبان کی جانب سے خواتین عملے پر پابندی کےبعد سے اقوام متحدہ نے اپنے تمام افغان عملے، مردوں اور عورتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک دفاتر میں رپورٹ نہ کریں۔


































