
مظفرآباد: آزاد کشمیر کی عدالت نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کے الزام میں عہدے سے ہٹادیا۔ کشمیر ہائی کورٹ کے فل کورٹ بینچ نے وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کو اسمبلی کی رکنیت اور کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قراردیا۔ وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک کی سزا بھی سنائی۔ تنویر الیاس کو اپنی تقاریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر ہائی کورٹ نے طلب کیا تھا۔ انہوں نے اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کو دھمکی دیتے ہوئے انتہائی تضحیک آمیز اور ناشائستہ زبان استعمال کی تھی۔ وزیرِ اعظم سردار تنویر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وزیرِ اعظم کی تقاریر کے کلپ چلائے گئے۔ وزیرِ اعظم نے عدالت میں غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میرے کسی الفاظ سے جج کو تکلیف ہوئی تو غیرمشروط معافی مانگتا ہوں۔ عدالت نے ان کی معافی مسترد کردی اور نئے وزیرِ اعظم کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو لکھ دیا۔


































