
شہید آیت اللّٰہ سید علی حسینی خامنہ ای کے فرزند آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کو نیا ولی فقیہہ نامزد کردیا گیا۔ ایران کی مجلس خبرگان نے قوم سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے ایرانی عوام سے نئے رہبر انقلاب اسلامی سے وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایرانی مجلس خبرگان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقرری ملک کیلئے عزت اور طاقت کے نئے دور کا آغاز ہے۔
ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے کہا ہے کہ مجلس خبرگان نے خطرات اور حملوں کے باوجود نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کیا۔ علی لاریجانی نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں نیا لیڈر ملک کی رہنمائی کرسکتا ہے، ایرانی عوام کو نئے سپریم لیڈر کی قیادت میں متحد رہنا چاہیے۔
ایران کی مسلح افواج کی قیادت نے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے وفاداری کا عہد کر لیا، اور کہا کہ نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے بیان پر عمل کرنے کیلئے تیار ہیں۔


































