
انا للہ وانا الیہ راجعون
تہران: امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے میں ولی امر مسلمین آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای شہید ہوگئے۔ حملے میں ان کی بیٹی داماد اور نواسی بھی شہید ہوئے۔ ایران نے شہادت کی سرکاری طور پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ولی امر مسلمین شہادت کے وقت اپنے دفتر میں بعض ساتھیوں کے ساتھ موجود تھے۔ حکام نے ایران بھر میں سات روزہ تعطیل اور چالیس روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
شہادت کی اطلاع ملتے ہی ایران میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور امریکا اور اسرائیل کیخلاف احتجاج کیا۔ ایرانی حکام نے شہید آیت اللہ خامنہ ای کے سینیئر مشیر علی شمخانی اور پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر پاکپور کی شہادت کی بھی تصدیق کی ہے۔ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے پاسدارانِ انقلاب کی کمان سنبھال لی۔ سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد صدر، چیف جسٹس اور نگہبان کونسل کے ایک فقیہ پر مشتمل تین رکنی عبوری کونسل قیادت کے فرائض سنبھالے گی اور نئے سپریم لیڈر کے انتخاب تک ذمہ داریاں انجام دیں گے۔


































