
نیویارک : اقوام متحدہ کے ماہرین نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسلحہ فراہمی روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ اقوام متحدہ کے انیس ماہرین پر مشتمل گروپ نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے ایک دن بعد بھی جنوبی لبنان پر بمباری جاری رہی۔ ماہرین نے کہا کہ یہ دفاع نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے اور امن کی کوششوں کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے، جبکہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا کہ جب تک انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد موجود ہیں، اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روک دی جائے۔


































