
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نام نہاد غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے باضابطہ اجلاس میں تعمیر نو کے لیے اربوں ڈالر اور استحکام فورس کے حوالے سے منصوبوں کا اعلان کریں گے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انیس فروری کو واشنگٹن میں اجلاس میں کم سے کم بیس ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے۔ جس کی صدارت ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے ہونے والے اس اجلاس میں صرف غزہ سے متعلق معاملات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ غزہ کے لیے اربوں ڈالر کا اعلان کریں گے اور ان میں بورڈ میں شامل ارکان کی جانب سے مالیاتی عطیات بھی شامل ہوں گے۔ ایک عہدیدار نے عطیات کی پیشکش کو فراخدلانہ قرار دیتے ہوئے ساتھ وضاحت بھی کی کہ امریکہ کی جانب سے ان کے لیے کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی بلکہ ممالک خود آفرز لے کر آئے۔ حکام نے بتایا کہ ٹرمپ اعلان کریں گے کہ کئی ممالک اسٹیبلائزیشن فورس کو کئی ہزار فوجی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کہ آنے والے مہینوں میں غزہ میں تعینات ہونے کی توقع ہے۔


































