
ریاض : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ پاکستانی سپہ سالار ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں جس کا مقصد معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سعودی مدد کا حصول ہے۔ جنرل عاصم نے جدہ اور ریاض میں سعودی حکام سے ملاقاتوں کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دو طرفہ دفاعی اور فوجی تعاون کو بھی فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مشکلات میں سعودی تعاون کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ مدد کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس سے پہلے جنرل عاصم منیر نے عمرہ ادا کیا اور مسجد نبوی میں حاضری دی۔


































