
انقرہ : عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک دہائی بعد شام کی عرب لیگ میں واپسی پراتفاق کرلیا۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹر میں عرب وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں شام کی عرب لیگ میں دوبارہ شمولیت کی تجویز پرغورکیا گیا۔ ارکان کی اکثریت نے شام کی شمولیت کے حق میں ووٹ دیا۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل جمال رشدی نے بتایا کہ ارکان کی اکثریت فیصلے پر متفق ہے۔ عرب لیگ نے 2011 ء میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے عوامی احتجاجی تحریک کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن کے بعد دمشق کی رکنیت معطل کردی تھی۔ حالیہ دنوں میں سعودی عرب اور مصر سمیت کئی عرب ممالک نے شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے اعٰلی سطح کے دورے کیے تاکہ 19 مئی کو عرب لیگ کے سربراہ اجلاس سے قبل اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔


































