
بیروت : حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے یوم القدس کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے یوم القدس کی ریلیوں میں عوام سے وسیع پیمانے پر شرکت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں فلسطینی اور خطے کی عوام کی امنگوں کے مطابق، بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کے دفاع اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی درخواست کرتا ہوں۔ سید حسن نصر اللہ نے سوشل نیٹ ورک اور ورچوئل اسپیس پر کچھ صارفین کے طرز عمل اور کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض لبنانی سوشل نیٹ ورکس پر ایک دوسرے پر پرتشدد انداز میں حملہ اور مذہبی مسائل سے متعلق تمام حدود کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جو کہ افسوسناک اور غلط رویہ ہے اور اس کا اعادہ نہیں ہونا چاہیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ایک ساتھ زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ملک تفرقہ بازی کو مزید برداشت نہیں کر سکتا اور تاریخی تجربہ بھی اس بات کو ثابت کرتا ہے۔


































