
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی عرب، ترکیہ اور اردن کے وزرائے خارجہ کے ساتھ جنگ بندی کی نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے اپنے تینوں ہم منصبوں سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز پر بات چیت کی۔ اور یقین دلایا کہ یہ تجویز اسرائیلیوں اور فلسطینی دونوں کے مفاد میں ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فوری جنگ بندی، اسرائیلی قابض افواج کے مکمل انخلا اور شہریوں کو فوری امداد کی فراہمی کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اظہار کیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسرائیلی جارحیت روکنے اور جنگ بندی کے علاوہ انسانی امداد کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی تائید کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی بحران کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔


































