
کانپور : بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے اسلام مخالف ریمارکس پر جھڑپوں کے بعد 36 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ جھڑپوں کے دوران 13 پولیس اہلکار اور دونوں گروہوں سے 30 افراد زخمی ہوئے۔ کانپور پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی ہے۔ نماز جمعہ کے بعد کانپور میں مسلمانوں نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے متنازع تبصرے کے بعد احتجاج کی کال دی تھی۔ اس پر شہر کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے اور دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا۔ پولیس کمشنر وجے سنگھ مینا نے کہا ہے کہ ویڈیوز کی بنیاد پر گرفتاریاں ہوئی ہیں اور ویڈیوز کے ذریعے ہی مزید افراد کی بھی شناخت کی جا رہی ہے۔ سازش کرنے والوں کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی اور ان کی جائیدادں بھی ضبط کی جائیں گی۔شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھاری سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔


































