
لاہور: لاہور میں 13 جون کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونیوالی شہید اُمت کانفرنس میں ایک اور نشست کا اضافہ کر دیا گیا۔ ترجمان اتحاد اُمت فورم کے مطابق کانفرنس کے دوران استقبال محرم کے عنوان سے ایک نشست شامل کی گئی ہے، جس میں ملک بھر سے ماتمی انجمنوں کو دعوت دی گئی ہے، جو استقبال محرم کی اس نشست میں ماتم اور نوحہ خوانی کریں گے۔ ترجمان کے مطابق ملک بھر سے معروف نوحہ خواں حضرات کو بھی خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ماتمی سنگتوں کے سالاروں اور نوحہ خواں حضرات نے اظہار تشکر کیا ہے کہ انہیں بھی اس عظیم اجتماع میں شرکت کا موقع دیا جا رہا ہے۔ کانفرنس میں نوحہ خواں حضرات نوحہ خوانی کیساتھ شہیدِ امت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو بھی اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کریں گے۔


































