
رہائی کے فوری بعد امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سفارتخانے پر اترااور اسرائیلی جاسوس کولیکر فرار ہوگیا، الفاخوری الخیام جیل کے قصائی کے نام سے مشہور تھا
شہریوں کا عدالت کے باہر جمع ہوکر شدید احتجاج،جج مستعفی، اسی جیل کے ایک اور سابق وارڈن انتونی ہائیک کو اسکے اسٹور میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا
بیروت (نیوز ڈیسک) امریکا نے لبنان سے اسرائیلی جاسوس اور اسرائیل نواز ملیشیا کے سابق کمانڈرعامر الفاخوری کو فرار کرادیا،فاخوری کے فرار کے بعد اس کے قریبی ساتھی اور اسی ملیشیا کے ایک اور کمانڈر کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق لبنانی نژاد امریکی شہری عامر الفاخوری جنوبی لبنان پر اسرائیلی قبضے کے دوران اسرائیل نواز ملیشا کے زیر انتظا م جیل کا انچارچ تھا،سنہ 2000میں جنوبی لبنان سے اسرائیلی قبضے ختم ہونے سے دو سال پہلے الفاخوری لبنان سے فرارہوگیا تھا،ا سکی غیر موجودگی میں عدالت نے اسے جیل میں تشدد اور قیدوں کے قتل کے الزام میں 15 سال قید کی سزا سنائی تھی،الفاخوری الخیام جیل کے قصائی کے نام سے مشہور تھا اور اس نے بہت سے فلسطینیوں اور لبنانیوں کو شہید کیا اور انہیں ایذائیں پہنچائی تھیں، گذشتہ برس ستمبر میں امریکا سے لبنان واپسی پر اسے گرفتار کر لیا گیا،ایک ہفتے پہلے عدالت نے اسے دس سال پرانا مقدمہ قرار دے کر رہا کرنے کا حکم دے دیا،اس کی رہائی کے فوری بعد امریکی فوجی ہیلی کاپٹر بیروت میں سفارتخانے پر اتر ااور الفاخوری کو لیکر فرار ہوگیا، امریکی صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ امریکی فوجیوں نے ان کے حکم سے الفاخوری کو لبنان سے فرار کرانے میں مدد دی، اس کے فرار کے بعدشہریوں نے عدالت کے باہر جمع ہوکر شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر شہر کی اہم سڑکوں کو بلاک کردیا، عوامی احتجاج کے بعد عدالت کے جج حسین عبداللہ نے استعفی دے دیا،جبکہ دودن بعد اسی جیل کے ایک اور سابق وارڈن اورا لفاخوری کے ساتھی انتونی ہائیک کو سیدون میں اس کے اسٹور میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔


































