
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جنگ میں امریکا کی طاقت بے نقاب ہو چکی، جب اتحادی پٹنے لگتے ہیں تو ٹرمپ مصالحت کیلئے آ جاتا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کیا گیا، امریکا، اسرائیل نے ایران کی آئل ریفائنری پر حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ میں امریکا کی طاقت بے نقاب ہو چکی، جب اتحادی پٹنے لگتے ہیں تو ٹرمپ مصالحت کیلئے آ جاتا ہے، امریکا اور اسرائیل کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے، پاکستان نے جنگ میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں بڑھی ہیں، 28 دن کا تیل موجود تھا، حکومت نے فی لٹر 55 روپے اضافہ کر دیا، حکومت کو اضافی ٹیکس سے 8 تا 9 ارب روپے ملتے ہیں، لیویز ختم کر دیں تو پیٹرول کی قیمت اب بھی کم کی جا سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت بجلی کے بلوں میں فکس چارجز کے نام پر ٹیکس اکٹھا کرتی ہے، ساری حکومتوں نے آئی پی پیز کو پالا ہے، مڈل کلاس لوگ 9 ارب روپے پیٹرول ٹیکس حکومت کو دے رہے ہیں، بڑے بڑے مگرمچھوں کا بوجھ غریبوں پر ڈالا جا رہا ہے، ایک بڑی تعداد مراعات حاصل کر رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کے حالات ہیں، معیشت کو نقصان ہو رہا ہے، فیول اور گیس سے چلنے والے اداروں کو بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی اجارہ داری کا نظام ختم ہو رہا ہے، امریکا اور اسرائیل کو شکست ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے بارود کے ڈھیر میں عید کی خوشیاں منائیں۔


































