
واشنگٹن : امریکا نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کا ایک ارب ڈالر کا پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا۔ نیوز ایجنسی رائٹر کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے ہتھیاروں کی فراہمی کا نیا پیکیج جائزے کے لیے کانگریس کو بھیج دیا ہے۔ غزہ میں حماس کے خلاف سات ماہ سے جاری جنگ کے دوران اسرائیل کی فوجی حمایت پر امریکہ کو تنقید کا سامنا رہا ہے۔ صدر جو بائیڈن کے ڈیموکریٹک پارٹی کے کچھ ساتھی ان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی محدود کر دیں تاکہ اسرائیل پر فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا دباؤ ڈالا جا سکے۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق کانگریس کے معاونین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک ارب ڈالر کے نئے پیکیج میں 70 کروڑ ڈالر مالیت کے ٹینک کے گولے، 50 کروڑ ڈالر کی ٹیکٹیکل گاڑیاں اور چھ کروڑ ڈالر کے مارٹر گولے شامل ہیں۔


































