
امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے طاقتور نار ایسٹر طوفان نے نیویارک، نیو جرسی اور دیگر ریاستوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کی صورتحال پیدا کر دی۔ نیویارک اور نیوجرسی کی متاثرہ کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ نیوجرسی میں 8 کاؤنٹیز کے لیے ریاستی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا۔ بعض ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جبکہ شدید بارش اور سمندری لہروں نے نشیبی علاقوں کو زیرِ آب کر دیا۔ ایک موقع پر ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے، جبکہ سینکڑوں پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک کے علاقے میں ایک درخت گرنے سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیلابی سڑکوں پر گاڑی نہ چلانے کی ہدایت کی۔

































