
تہران : ایران نے امریکا اور جرمنی کو غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کا شراکت دار قرار دیاہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور یورپی ممالک غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف استعمال کرنے کیلئے صیہونی حکومت کو مسلسل اسلحہ اور دفاعی امداد دے رہے ہیں۔ امریکا اور جرمنی اسرائیل کو ہتھیاروں کی مسلسل منتقلی کے ذریعے نسل کشی کی مدد اور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ ایرانی ترجمان نے واشنگٹن اور برلن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہیں اوراپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بھی انحراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو اپنے مجرمانہ اور غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے بین الاقوامی برادری کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔


































