
جیکب آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ہم صدیوں سے اس سرزمین پر آپس میں اسلامی اخوت کے ساتھ رہ رہے ہیں جبکہ تکفیری گروہ عالمی استکبار کا آلہ کار بن کر ہمیشہ امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے درمیان اختلافات کو ہوا دیتا ہے۔ اس حساس مرحلے پر کالعدم دھشت گرد گروہ کے سرغنہ کا پرانا فرقہ وارانہ بل اسمبلی میں پیش کرکے جماعت اسلامی کے مولانا چترالی نے نفرتوں کو ہوا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بنانے میں شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر جدوجہد کی اور وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تمام مسالک اور مکاتب فکر مل کر کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ فرقہ پرست عناصر آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اسلامی شناخت مٹا کر اسے فرقہ وارانہ شناخت دینا چاہتے ہیں۔ قائد اعظم کا پاکستان مسلم پاکستان ہے اسے مسلکی ریاست بنانے کی شیطانی سازش ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمانوں نے اس بل کو رد کر دیا ہے کیونکہ اس بل کے ذریعے یزید پلید اور اس کے خاندان کو تحفظ دینے کی سازش کی جارہی ہے۔


































