
جنیوا : اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار نے غزہ کے بڑھتے ہوئے انسانی بحران پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ اقوام متحدہ کے رابطہ کار مہند ہادی نے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سلامتی اور انسانی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جاری تنازعے کا خمیازہ عام شہری برداشت کر رہے ہیں۔ ہادی نے اقوام متحدہ کے امدادی قافلوں کو نقصان پہنچانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول اور شدید ضرورت مندوں کے لیے جان لیوا قرار دیا۔ انہوں نے جنگ بندی، محفوظ امداد کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ اور تنازعہ کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔


































