
صنعا: یمن کے نائب وزیراعظم جلال الرویشان نے کہا ہے کہ جارحیت اور محاصرے کے خاتمے کے لئے جارح ممالک کے اتحاد سے گفتگو کی جائے گی لیکن اندرونی سیاسی راہ حل کا تعلق صرف یمنی عوام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعا، امن کے تحت منصفانہ طریقے سے اپنے قانونی حقوق حاصل کرنا چاہتا ہے جس کے لئے مذاکرات کے مختلف مراحل کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعا اپنی شرطیں تبدیل نہیں کرے گا۔ انہوں نے امن کے سلسلے میں انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی کی ہدایات کو کافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب مزید مذاکرات کی گنجائش نہیں ہے۔جلال الرویشان نے کہا کہ یمن نے امن مذاکرات کا جو موقع فراہم کیا ہے، جارح ممالک کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یمن کے نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ جارح اتحاد میں شامل ممالک جان لیں کہ امن اسی وقت قائم ہوگا۔ جب حملے بند اور یمنی عوام کا محاصرہ ختم ہو جائے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ بین الاقوامی قوانین دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے۔


































