
تہران: ایران کے سعودی عرب کے بعد مصر سے بھی تعلقات معمول پر آنے لگے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور مصر کے درمیان سنجیدہ تعلقات کے لیے پرامید ہے۔ دونوں ملکوں کے مفادات کے تحفظ کے دفاتر تہران اور قاہرہ میں فعال ہیں اور براہ راست سرکاری چینل اور رابطے قائم ہیں۔ ادھر ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں ہم قاہرہ اور تہران میں دونوں ممالک کے سفارتخانے کھلنے کا مشاہدہ کریں گے اور اس کے بعد اس طریقہ کار کے تحت صدر ابراہیم رئیسی اور مصری صدر سیسی کے درمیان ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مصر نے سعودی عرب ایران تعلقات کی بحالی کے فیصلے کو سراہا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ اس سے تہران کی پالیسیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔


































