
غزہ : غزہ پر اسرائیل کے ڈرون حملوں میں آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ شہدا کی مجموعی تعداد تیہتر ہزار اٹھانوے ہوگئی۔ اسرائیل نے جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں گاڑی پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور سولہ زخمی ہو گئے۔ کچھ دیر بعد المواصی میں ہی اسرائیلی ڈرون نے متاثرین کے خیموں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور پانچ زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے ایک اور ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید اور کئی زخمی کردئے۔ جنگ بندی کے بعد اب تک ایک ہزار بہتر فلسطینی شہید اور تین ہزار چار سو تریسٹھ زخمی ہوئے، جبکہ اسی عرصے میں سات سو ننانوے لاشیں ملبے سے برآمد کی گئیں۔


































