
تل ابیب: انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیم یش دین نے رپورٹ دی ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں چالیس روزہ جنگ کے دوران غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے تشدد کے 378 واقعات رپورٹ ہوئے۔ یش دین کا کہنا ہے کہ یہ حملے 148 فلسطینی آبادیوں اور رہائشی علاقوں میں کیے گئے، جن کے نتیجے میں 8 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کیا گیا جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔ یش دین کے مطابق اگر حکومت اور ریاستی اداروں میں سنجیدہ ارادہ ہو تو اس تشدد کو روکا جا سکتا ہے تاہم اسرائیلی حکومت اس صورتحال کو بدلنے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔ تنظیم نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی پالیسی مجرمانہ آبادکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور چوکیوں کے ذریعے فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کا عمل تیز ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا نقشہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ اس تشدد کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے نکال کر محدود اور گنجان علاقوں میں دھکیلنا ہے۔


































