
اسلام آباد : اسلام آباد کی امام بارگاہ میں خودکش حملہ کرنے والے حملہ آور کا شناختی کارڈ مل گیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کا شناختی کارڈ دھماکے والی جگہ سے ملا، حملہ آور کی شناخت شناختی کارڈ پر درج نام یاسر سے ہوئی ہے۔ پشاور سے مبینہ حملہ آور یاسر کے 2 بھائی بلال، ناصر اور بہنوئی عثمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتاریاں ترناب فارم کے علاقے سے عمل میں لائی گئی ہیں، مبینہ خودکش حملہ آور یاسر مسلسل اپنے بہنوئی کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی انفرادی نہیں، سہولت کاری کے ڈھانچے کا نتیجہ تھی، خودکش حملہ آور مئی میں افغانستان گیا اور جون میں واپس آیا۔ جون 2025ء میں مبینہ خودکش حملہ آور نے باجوڑ میں نئی موبائل سم ایکٹیویٹ کی، 27 جون سے اکتوبر تک خودکش حملہ آور یاسر باجوڑ میں مقیم رہا۔ حملہ آور نوشہرہ سے ہی خود کش جیکٹ پہن کر پبلک ٹرانسپورٹ سے اسلام آباد پہنچا، امام بارگاہ پہنچنے سے قبل حملہ آور قریبی ایک ہوٹل میں تھوڑی دیر کے لیے بیٹھا تھا، حملہ آور کھنہ روڈ سے پیدل چل کر امام بار گاہ تک پہنچا تھا۔


































