
غزہ : غزہ انتظامیہ کے مطابق رفح کراسنگ کھلنے کے بعد پانچ دنوں میں ایک سو پینتیس مریضوں سمیت ایک سو اناسی فلسطینی غزہ سے مصر میں داخل ہوئے جبکہ صرف اٹھاسی فلسطینیوں کو واپس غزہ آنے کی اجازت ملی۔ غزہ انتظامیہ کے مطابق رفح کراسنگ دوسال بعد دو فروری کو کھولی گئی تھی اور پانچ فروری تک ایک سو پینتیس مریض اور اہل خانہ غزہ سے مصر میں داخل ہوئے۔ رفح کراسنگ جمعہ اور ہفتے کو بند رکھی گئی۔ فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق اتوار کو چوالیس مزید فلسطینی مصر روانہ ہوئے۔ جن میں انیس مریض اور باقی ان کے ساتھی تھے۔
رفح کراسنگ کے ذریعے لوگوں کی غزہ واپسی جاری ہے، اور اسی دوران 88 افراد مصر سے غزہ پہنچے۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ ۔ہزاروں بیمار اور زخمی فلسطینیوں کے لیے اس کراسنگ کا کھلنا ایک نایاب موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ مصر یا کہیں اور طبی علاج حاصل کر سکیں۔ غزہ میں بیس ہزار مریض فوری علاج کے محتاج ہیں، جن میں 4,500 بچے بھی شامل ہیں۔


































