
لندن : فرانس، کینیڈا اور برطانیہ سمیت گیارہ ممالک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ محصور غزہ میں انسانی امداد کو بلا رکاوٹ پہنچانے کی اجازت دے۔ بیلجیئم، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، آئرلینڈ، آئس لینڈ، جاپان، ناروے، پرتگال، اسپین اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں غزہ کی انسانی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ۔ بیان میں کہا گیاہے کہ غزہ میں امداد کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے، لیکن موجودہ امدادی سامان عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ بیان میں اسرائیلی حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کو غزہ میں کام کرنے کی مکمل صلاحیت دے۔ ان کے سخت رجسٹریشن ضوابط کو نرم کرے۔ تمام سرحدی راستے دوبارہ کھولے اور رفح گذرگاہ کو دو طرفہ کھولنے کے منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔


































