
ڈرون طیاروں اور بیلسٹک میزائیلوں سے خمیس مشیط اور جازان کے اہم فوجی ٹھکانوں پر حملہ،جدہ اور جبیل میں آرامکو کی ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا
ڈرون اورمیزائل حملوں سے اہم ترین جدہ ایئرپورٹ 5 گھنٹے بند رہا، بیشتر پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ،کئی پروازیں مدینہ بھیج دی گئیں
جدہ (نیوز ڈیسک) یمن سے جازان اور جدہ پر ڈرون اور میزائل حملے نے کھلبلی مچادی اور ملک کا اہم ترین جدہ ایئرپورٹ 5 گھنٹے سے زائد وقت کیلئے ہر قسم کی پروازوں کیلئے بند رہا، دنیا بھر سے آنے اور جانے والی سو سے زائد پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا جبکہ بیشتر پروازوں کو قریبی مدینہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا، قاصف ٹو قسم کے پانچ ڈرون طیاروں اور بدر ایک قسم کے دو بیلسٹک میزائیلوں سے خمیس مشیط اور جازان کے اہم فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا، جس سے ان ٹھکانوں پر نقصان پہنچاجبکہ سعودی حکام نے ڈرون اور میزائل فضا میں ہی تبا ہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،اُدھر صماد تین قسم کے10 ڈرون طیاروں سے جدہ اور جبیل کے علاقوں اور آرامکو آئل کمپنی کی ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا،ان حملوں کے بعد جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے ہر قسم کی پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا اوڑان کیلئے تیار درجن بھر پروازوں کی روانگی روک دی گئی جبکہ مختلف ممالک سے جدہ پہنچنے والی پروازوں کو سعودی عرب کی فضائی حدود میں ہی ہولڈ پر رکھا گیا،بیشتر پروازیں فضائی حدود میں ایک گھنٹے سے بھی زائد وقت کے چکر کاٹنے کے بعد مدینہ المنورہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئیں جبکہ کچھ پروازوں کو دیگر متبادل ایئرپورٹ پر روکا گیا ، رات 3 بجے ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھولا گیا تاہم پروازوں کے معمول پر آنے میں صبح دس بج گئے، ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بیشتر پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کی گئی ، یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل یحیحی سری نے بتایا کہ یہ حملہ یمن کے جاری ظالمانہ محاصرے اور سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں کیا گیا ، یہ جوابی حملے کامیاب رہے اور جب تک یمنی عوام پر سعودی جارحیت اور اس ملک کا ظالمانہ محاصرہ جاری ہے اس قسم کے جوابی حملے ہوتے رہیں گے ۔


































