
مظفر آباد: تحریک انصاف کے منحرف رکن چوہدری انوارالحق آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں پانچ روز سے جاری جوڑ توڑ کے بعد قائد ایوان کے انتخاب کا مرحلہ طے پا گیا ہے۔ بدھ کو رات ساڑھے بارہ بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلاکر تمام مراحل طے کئے گئے۔ انوارالحق نے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دیکر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ تاہم تحریک انصاف کی جانب سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔ ووٹنگ کے نتیجے میں انوارالحق کو 53 رکنی ایوان میں 48 ووٹ ملے۔ 5 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن نے بھی انوارالحق کی حمایت کی۔ اس طرح وہ آزاد کشمیر کے 15ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ انوار الحق تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ اور انہوں نے تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد بارہ ارکان کے ساتھ مل کر فارورڈ بلاک بنالیا تھا۔


































