
اسرائیلی انٹیلی جنس چیف کی فلسطینی صدرمحمود عباس سے خفیہ ملاقات، انتخابات میں حماس کی کامیابی اور اقتدار پر قبضہ کے سنگین نتائج نکلنے کی دھمکیاں
حماس کو انتخابی عمل سے دور رکھا جائے یا پھر انتخابات کو ملتوی کردیا جائے،اسرائیلی عہدیدار،محمود عباس نے تمام مطالبات مسترد کردئے،اسرائیلی میڈیا
رام اللہ (نیوز ڈیسک)فلسطین کے انتخابات میں حماس کی ممکنہ کامیابی کے خدشے نے اسرائیلی حکام کی نیندیں اڑادیں اور انہوں نے فلسطینی انتظامیہ سے حماس کے حصہ لینے کی صورت میں انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا،اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے شاباک کے انٹیلی جنس چیف نداف آرگمان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے خفیہ ملاقات کی اور انہیں پارلیمانی انتخابا ت میں حماس کی شرکت کے نتائج سے خبردار کیا ،انٹیلی جنس چیف نے محمود عباس سے کہا کہ حماس انتخابات میں کامیاب ہوکر اقتدار پر قبضہ کرسکتی ہے جو اسرائیلی حکام کو کسی صورت گوارہ نہیں ہوگا، حماس کو انتخابی عمل سے دور رکھا جائے یا پھر انتخابات کو ہی ملتوی کردیا جائے، انہوں نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ میں فلسطینیوں کے تعاون پر تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ عالمی عدالت کے ساتھ تعاون کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے محمود عباس سے انتہائی سخت لہجے میں گفتگو کی اور انہیں دھمکیاں دیتے رہے، اسرائیلی عہدیدار کے دباو کے باوجود محمود عباس نے تمام مطالبات مسترد کردئے اور
انتخابات میں مداخلت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا، حکمر اں جماعت الفتح کے ذرائع نے الجزیرہ ٹی وی کو بتایا کہ نداف آرگمان کی دھمکی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ اسرائیل حماس کے ارکان کے نام شامل ہونے پر انتخابی فہرست کو تسلیم نہیں کرے گا، ادھر حماس کے سینئر رہنما حسین بدران نے واضح کیا ہے کہ حماس کا الفتح کے مشترکہ فہرست میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ وہ اس قومی فہرست کا حصہ ہوگی جس میں تمام جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے۔


































