
اسلامی تحریک پاکستان نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے حتمی فہرست کی منظور ی دیتے ہوئے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ جس کے مطابق 8 حلقوں سے اسلامی تحریک کے امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے، اس بات کا فیصلہ اسلامی تحریک پاکستان کے پارلیمانی بورڈ برائے انتخابات گلگت بلتستان کے اجلاس میں کیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ کے سربراہ علامہ عارف حسین واحدی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بورڈ کے ممبران علامہ محمد رمضان توقیر، علامہ ڈاکٹر شبیر حسین میثمی، علامہ شیخ مرزا علی، دیدار علی اور محمد یوسف اخونزادہ شریک ہوئے۔
اسلامی تحریک پاکستان کے پلیٹ فارم سے گلگت 1 سے سید مصطفیٰ شاہ، گلگت 2 سے فقیر شاہ، گلگت 3 سے ضیاءالدین ایڈووکیٹ، نگر 1 سے محمد باقر شیخ، اسکردو 1 سے محمد عباس ایڈووکیٹ، اسکردو 2 سے محمد شبیر حافظی، اسکردو 4 سے کیپٹن (ر) محمد علی سکندر اور کھرمنگ سے محمد علی خان کاچو انتخابات میں حصہ لیں گے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے پارلیمانی بورڈ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کی غیور اور باشعور عوام ماضی کی طرح اس بار بھی اسلامی تحریک پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے اور آئی ٹی پی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔


































