
سیٹلائٹ ویڈیو میں مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں فوجی اڈوں کی نشاندہی، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل، حساس مراکز نشانہ بنیں گے ،اسرائیل کو انتباہ
لبنانی فضاوں میں اسرائیل کی آزادانہ نقل وحرکت آسان نہیں رہی ، جنگ چھیڑی تو لبنان لرز اٹھے گا اورحزب کو شدید گھاو لگے گا،اسرائیلی وزیردفاع
بیروت (نیوزڈیسک) حزب اللہ نے پہلی بار غاصب صیہونی ریاست کے حساس فوجی مقامات کی ویڈیو جاری کرکے کھلبلی مچادی ،سیٹلائٹ ویڈیو میں پورے مقبوضہ اسرائیل کے مختلف شہروں میں فوجی اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے ،حزب اللہ کی ویب سائٹ پر آتے ہی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی ،ویڈیو” اے صیہونیوں!تمہارے فوجی اور سیکورٹی اہداف تمہارے اپنے شہروں کے اندر”کے عنوان سے نشر کی گئی ہے، حزب اللہ نے صیہونی ٹولے کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس سے کوئی بھول چوک ہوتی ہے تو اسکے حساس مراکز حزب اللہ کے نشانے پر ہوں گے،یہ ویڈیو قائد مقاومت سید حسن نصراللہ کے خطاب کے اگلے دن جاری کی گئی جس میں انہوںنے کہا تھا کہ اسرائیل آگ سے کھیلنا بند کردے،حزب اللہ نے 3فروری کو جدید میزائل سے اسرائیلی جاسوس ڈرون کو گرا کر صیہونی حکومت کو واضح پیغام دے دیا تھاکہ لبنانی فضاوں میں اب اسرائیل کی آزادانہ نقل وحرکت آسان نہیں رہی،ادھر اسرائیلی وزیر دفاع بنی گانٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگر جنگ چھیڑی تو لبنان لرز اٹھے گا اورحزب اللہ کو شدید گھاو لگے گا


































