
کابل: گزشتہ روز کابل کے ملٹری اسپتال پر حملے میں طالبان کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور طالبان کی "بدری 313” فورس کے سربراہ مولوی حمداللہ رحمانی اور سینئر ملٹری کمانڈر حمد اللہ مخلص ہلاک ہوگئے۔ جبکہ مرنیوالوں کی مجموعی تعداد25 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز داعش کے دہشت گردوں نے سب سے بڑے فوجی اسپتال سردار محمد خان داؤد ملٹری اسپتال کے سامنے دھماکے کئے اور فائرنگ کرتے ہوئے اندر گھسنے کی کوشش کی جہاں ان کی طالبان جنگجوؤں سے مسلح جھڑپ ہوئی۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق حملہ آور اسپتال میں گھسنا چاہتے تھے تاہم اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کو اُن کے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا ۔


































