
- ماں باپ کی طرف دیکھنا عبادت*
ابن عباس نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلىاللهعليهوآلهوسلم نے فرمایا:
اگر اولاد میں سے کوئی بھی اپنے والدین کی طرف محبت کی نگاہ سے دیکھے تو ہر نظر کے بدلے مقبول حج کے برابر ثواب ہے۔ اس وقت لوگوں نے کہا اے رسولؐ خدا، اگر کوئی ایک دن میں سو مرتبہ دیکھے تو پھر بھی حج کے برابر ثواب ملے گا؟
پیغمبر اکرم (ص) نے فرمایا: ہاں! حج کے برابر ہے (کیونکہ) خدا ہر چیز سے بزرگ تر اور ہر عیب سے پاک ہے۔
والدین کے چہرے کو دیکھنا عبادت کا درجہ دیا گیا ہے کہ جو در حقیقت ماں باپ کی عظمت اور فضیلت پر دلیل ہے۔
- طول عمر اور رزق کے اضافے کا سبب*
ماں باپ کا احترام اور ان کی خدمت کرنے سے خداوند انسان کو دنیا میں لمبی زندگی عطا کرتا ہے۔
آنحضرت صلىاللهعليهوآلهوسلم نے فرمایا:
اگر کوئی شخص لمبی زندگی اور رزق میں اضافے کا خواہاں ہو تو اسے چاہیے کہ والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور ہمیشہ ان سے تعلق برقرار رکھے چونکہ ان سے نیک رفتاری اور اچھا سلوک کرنا اطاعت الٰہی کے مصادیق میں سے ایک ہے۔
پیغمبر اکرم صلىاللهعليهوآلهوسلم نے فرمایا:
اگر کوئی شخص مجھے ضمانت دے کہ میں والدین کا احترام اور صلہ رحم ترک نہیں کروں گا تو میں ضمانت دیتا ہوں کہ خدا اس کے مال اور عمر میں اضافہ اور اسے خاندان میں عزت عطا کرے گا۔


































