
اسلام آباد : پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل میں کسی بگاڑ کا ذمے دار پاکستان نہیں ہو گا کیوں کہ افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کی ذمے داری تمام افغان فریقوں پر عائد ہوتی ہے۔ اسلام آباد میں دو روزہ پاک، افغان غیر سرکاری مذاکرات کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن عمل میں پیش رفت نہ ہونے کا ذمے دار پاکستان کو ٹہرانا کسی صورت بھی سود مند نہیں ہو گا۔ پاکستان خلوصِ دل سے افغانستان میں قیامِ امن کے لیے کوشاں ہے۔ وزیرِ خارجہ کے بقول پاکستان کے خلاف الزام تراشی کا یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہے۔ افغان صدر اشرف غنی امریکا جا رہے ہیں۔ لہذٰا وہ اُمید کرتے ہیں کہ یہ دورہ افغان امن عمل کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ پاکستان کے وزیرِ خارجہ نے یہ واضح کیا کہ افغانستان میں امن عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ افغان دھڑوں نے خود کرنا ہے۔ ان کے بقول وقت تیزی سے گزر رہا ہے اس لیے افغانستان کو ایک ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مذاکرات کو کامیاب کروا سکے۔


































