کبوتر خوش خوش آزاد فضا میں نیلے آسمان کے نیچے اڑ رہے تھے ، آسمان ان کی وجہ سے خوبصورت لگ رہا تھا، کچھ دیروہ سب کبوتر آرام کرنے کے لئے ایک درخت پر بیٹھ گئے درخت کے نیچے گندم کے دانے بکھرے پڑے تھے ، کبوتروں میں سے ایک نے یہ دیکھا تو اڑ کر درخت کے نیچے آگیا اور دانے کھانے لگا، دانے لذیز اور تازہ تھے اس لئے اس نے دوسرے دوستوں کو بھی بلایا تاکہ وہ بھی مزیدار دانے کھائیں ، سب کبوتر نیچے اترے اور دانے کھانے میں مشغول ہوگئے ، جب ان کا پیٹ بھرچکا تو ان میں سے ایک نے اڑنے کی کوشش کی لیکن نہ اڑ سکا۔ یکایک اسے احساس ہوا کہ وہ کسی جال میں پھنس گیا ہے، دوسرے کبوتروں نے بھی اڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوگئے کیونکہ وہ سبھی جال میں پھنسے ہوئے تھے ، شکاری جو قریب ہی بیٹھا ہوا تھا کبوتروں کی آواز سن کر ان کی طرف دوڑنے لگا۔
کبوتروں نے بہت کوشش کی لیکن جال سے نکلنے میں ناکام ہوئے۔ ان میں سے ایک نے جس کا نام طوقی تھا کہا: دوستو! اچھا ہوتا اگر ہم یہ سوچتے کہ یہ مزیدار اور تازہ دانے کیوں بکھیرے گئے ہیں ، اگر ہم سوچتے تو ہمارا ایسا حال نہ ہوتا، اب بھی اگر ہم متحد ہو جائیں تو ہم آزاد ہو سکتے ہیں ،یہ آرام سے بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔ آئیں ہم سب اڑتے ہیں ، شکاری جیسے ہی جال کے قریب پہنچا تو طوقی نے پرواز کا حکم دے دیا ، کبوتروں نے طوقی کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے ایک ہو کر زور دیا۔ جال ان کا راستہ نہ روک سکا اور وہ ایک بار پھر آسمان میں اڑنے لگے۔
شکاری نے اپنے آپ سے کہا : یہ کبوتر بالآخر تھک کر اترنے پر مجبور ہو جائیں گے ، میں ان کا پیچھا کرتا ہوں ، ادھر کبوتر پوری قوت کے ساتھ اڑتے ہوئے شکاری کی نظروں سے غائب ہوگئے، کچھ دیر کے بعد وہ سب دریا کے کنارے پر اترے ، دریا کے کنارے پر ایک چوہے کا بل (گھر) تھا ۔ طوقی سے اس چوہے کی دوستی تھی ، اس نے چوہے کو آواز دی چوہا اس وقت آرام کررہا تھا، کبوتروں کی آواز سن کر وہ بل سے باہر نکلا۔ اس نے طوقی اور اس کے دوستوں کو جال میں پھنسے ہوئے دیکھا تو وہ طوقی کے پاس گیا تاکہ اسے آزاد کرے طوقی نے کہا پیارے دوست پہلے میرے دوستوں کو آزاد کرو، اس کے بعد مجھے میں چاہتا ہوں کہ میرے دوست پہلے آزاد ہو جائیں ۔
چوہا اپنے دانتوں سے جال کو توڑتا گیا اور بالآخر تمام کبوتر آزاد ہوگئے، انہوں نے طوقی کا شکریہ ادا کیا اور پانی پی کر دوبارہ آزاد فضا میں خوش خوش نیلے آسمان میں اڑنے لگے۔
اب جب کبوتروں نے خود کو آزاد محسوس کیا تو سب نے وعدہ کیا کہ آئندہ دشمن کی چالوں سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے تیار رہیں گے اور کبھی بھی ایسی غلطی نہیں کریں گے جس کے وہ پہلے مرتکب ہو چکے ہیں ۔
- Home
- بچوں کا نوائے اسلام
- اتحاد کی برکت
اتحاد کی برکت
-
Ilyas - دسمبر 2, 2020
- بچوں کا نوائے اسلام
- 10
- 0 minute read


































