
ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا بڑا اقدام، ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا نفاذ۔ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا نفاذ 31 جنوری 2021 تک رہے گا، جس میں ملک بھر میں کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا نفاذ کورونا کے حساس شہروں میں ہوگا جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان حیدر آباد اور دیگر شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں فیس ماسک کیلئے گلگت بلتستان ماڈل پر عملدر آمد ہوگا۔ گلگت بلتستان طرز پر ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ عائد ہوگا جب کہ ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ کرکے 3 ماسک فراہم کئے جائیں گے۔
سرکاری و نجی دفاتر کیلئے ورک فرام ہوم پالیسی 7 نومبر سے نافذ ہوگی۔ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ بلانے کی اجازت ہوگی۔ کورونا کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کئے جائیں گے۔ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کیلئے چاروں صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ احتیاطی تدابیرکے دوسرے مرحلےمیں ان ڈور شادی تقریبات پرپابندی ہوگی تاہم اس پابندی کا نفاذ 20 نومبر سے ہو گا۔ شادی کی تقریبات کھلی فضا میں منعقد کرنےکی اجازت ہوگی۔کھلی فضامیں شادی کی تقریب میں ایک ہزار مہمان شریک ہو سکیں گے۔


































