
تہران : ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اپنی 18 رکنی کابینہ کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور ساتھ تجدید عہد کیا، اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے افکار و نظریات ہمیں عوام کی خدمت کا درس دیتے ہیں اور رہبر انقلاب اسلامی بھی اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ عوام کی خدمت خدا کے لیے ہونی چاہئے، امام خمینی کی نگاہ میں عوام کی خدمت کا مطلب صرف رسمی نہیں اور عام سیاستدانوں کی رائے سے بالکل مختلف ہے، انہوں نے کہا کہ امام خمینی عوام پر یقین رکھتے تھے اور جب وہ فرماتے تھے کہ عوامی رائے ہی معیار ہے تو اس کا مطلب یہ تھا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے دی گئی ایک امانت ہے، اس سے پہلے کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں صدر ابراہیم رئیسی نے انصاف کے قیام کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے، صدر ایران نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ میں کسی قسم کا تعطل نہیں پایا جاتا اور رہبر انقلاب اسلامی تمام تر ملکی امور سے پوری طرح آشنا ہیں اور مہارت رکھتے ہیں، انصاف صرف نعروں کی حدتک نہ رہے بلکہ عوام کو اپنی زندگی میں ترقی اور انصاف محسوس ہونا چاہیے۔


































