
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج کی سخت حفاظت میں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا۔ صیہونی آباد کاروں کے تین گروپ اسرائیلی فوج کے سخت حفاظتی انتظامات میں مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے۔ جن میں انتہا پسند ربی اور کنیسٹ کے سابق رکن یہوداہ گلک بھی شامل تھے۔ آبادکاروں نے انتہاپسندانہ نعرے لگائے اور مسجد کے احاطے میں اپنی عبادات انجام دیں۔ صیہونیوں کے نام نہاد فلیگ مارچ سے قبل 3000 اسرائیلی پولیس فورس کے ارکان مقبوضہ القدس میں بڑے چوراہوں پر تعینات تھے۔ اور فلسطینیوں کو روکنےکیلئے مرکزی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں۔ آباد کاروں کو آسان رسائی کی اجازت دینے کے لیے دکانوں کو دن بھر بند رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ادھرصیہونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر بھی دھاوا بول دیا۔ اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ ان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔


































