
نابلس : صیہونی فوج نے درندگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے نابلس میں مزید تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ صیہونی فوجیوں نے نابلس کے جنوب مغرب میں صرا نامی چیک پوسٹ کے قریب فلسطینیوں کی کار کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے کار میں سوار چار میں سے تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا کہ مسلح بندوق برداروں نے چوراہے سے متصل فوجی چوکی پر فوجیوں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ سے تینوں جوان شہید ہوگئے۔ چوتھے نے ہتھیار ڈال دیے جسے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فائرنگ سے کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔ صرہ کے رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً صبح 3 بج کر 30 منٹ پر گولیوں کی آوازیں سنیں۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 81 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جس میں متعدد نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ جبکہ تین بچوں سمیت 13 صیہونی بھی مارے گئے ہیں۔


































