
بیروت : صیہونی فوج نے لبنان پر ممنوعہ کیمیائی بموں سے حملے شروع کردئے جبکہ لبنان میں تعیناتی کیلئے فوجی دستے بھیجنے والے ممالک کی فہرست پر اتفاق کرلیا ہے۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے منصوری کے رہائشی علاقے پر فاسفورس بم سے حملہ کیا ہے۔ حملے کے بعد منصوری میں عمارتوں کے درمیان دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق حملے میں فاسفورس بم استعمال کیا گیا، تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔ یہ حملہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی میں مذاکرات کے ساتویں دور کے ایک روز بعد کیا گیا۔ مذاکرات کے ساتویں دور میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی نگرانی کے لیے ممکنہ فوجی دستے بھیجنے والے ممالک کی مختصر فہرست پر اتفاق ہوگیا ہے۔ لبنانی عہدیدار کے مطابق فہرست میں شامل ممالک میں سے حتمی انتخاب امریکا کرے گا، تاہم ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ رائٹرز کے مطابق اسرائیل اور امریکا نے فرانس کو اس فہرست سے خارج کر دیا ہے۔


































