
جنین : صیہونی فوج نے ایک بار پھر مغربی کنارے کے شہر جنین پر دھاوا بول کر تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ صہیونی فوج نے جنین کے شورش زدہ شہر کے جنوب میں واقع گاؤں جبع پر حملہ کیا اور نوجوانوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے 22 سالہ احمد فشفشہ، 26 سالہ سفیان فخوری اور 25 سالہ نایف شہید ہوئے۔ 48 گھنٹوں کے دوران جنین میں یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ ادھر 14 سالہ ولید نصر زخموں کی وجہ سے دم توڑ گیا۔ وہ منگل کو جنین میں اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔ مشرقی القدس کے شمال میں اسرائیلی فائرنگ سے 7 فلسطینی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب غزہ کے محاصرے کیلئے تعینات ٹینکوں نے محصور علاقے پر شدید گولہ باری اور فائرنگ کی جس سے دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔


































