
القدس: مقبوضہ بیت المقدس میں سپریم اسلامی کمیٹی کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے اوراسے تقسیم کرنے کے مجرمانہ منصوبے تیزی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔
شیخ عکرمہ صبری نے ایک بیان میں کہا کہ القدس ایک نہایت خطرناک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ جہاں انتہا پسند صیہونی حکومت کے لیے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ یا باز پرس موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسند پالیسیوں کے باعث القدس کے باشندے مسجد اقصیٰ کے دفاع کی قیمت ادا کر رہے ہیں جبکہ انہیں عالمی سطح پر تنہا چھوڑ دیا گیا ہے اور کسی قسم کی مدد یا حمایت میسر نہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ القدس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ فلسطینی وجود کو مٹانے کے لیے کھلی جنگ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ تباہی اور بے گھری کے مناظر فلسطینی عوام کے لیے اب اجنبی نہیں رہے لیکن یہ سفاکیت ان کے حوصلے پست نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام ثابت قدم رہیں گے، مرابطہ جاری رکھیں گے اور اپنی سرزمین پر ڈٹے رہیں گے یہاں تک کہ اللہ زمین اور اس پر بسنے والوں کا وارث بن جائے۔


































