
ماسکو : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یوکرین میں نسل کشی کی حمایت کرنے پر امریکی زیر قیادت مغرب کی مذمت کی ہے۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغرب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے امن منصوبے کی حمایت کے ذریعے یوکرین میں نسل کشی کی حمایت کررہا ہے۔ جس میں اُن کا دعویٰ ہے کہ روس مشرقی یوکرین اور کریمیا میں ہرچیز تباہ کردے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مغرب نے روسی بولنے والے علاقے ڈونباس میں ماسکو کے حامی باشندوں پر کیف کے ظلم و ستم پرآنکھیں بند کررکھی ہیں۔ نتیجہ بہت آسان ہے مغرب براہ راست نسل کشی کی حمایت کرتا ہے۔ لارووف نے ماسکو پر ڈرون حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کیف کو ہتھیار اور فوجی سازوسامان فراہم کرکے ایسے دہشت گرد حملے میں براہ راست مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کا یہ بیان کہ وہ جو ہتھیار یوکرین کو فراہم کر رہا ہے وہ روسی فیڈریشن کی سرزمین کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے، محض ایک اور جھوٹ ہے۔


































