
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے اور دہشت گردی کے معاونین اور سہولت کاروں کو ہر قیمت پر ختم کر دیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی اور شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے حامل ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دہشت گردوں نے دو الگ الگ حملوں میں بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا تھا اور کلیئرنس آپریشن میں 20 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ کور کمانڈر کانفرنس کے دوران آرمی چیف نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے اپنی بقا کے لیے کی جانے والی مایوس کن کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں کی باقیات، ان کے معاونین اور سہولت کاروں کو ہر قیمت پر ختم کر دیں گے۔


































