
کراچی : اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ روایتی ایندھن کا استعمال بڑے ملکوں نے کیا، اُن کا کیا دھرا پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک بھگت رہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر یو این سیکریٹری جنرل نے عالمی اپیل کی کہ دنیا توانائی کے متبادل ذرائع پر سرمایہ کاری کرے، یہ پاگل پن اب بند کیا جائے۔ قدرت سے جنگ ختم کی جائے، سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے۔ عالمی برادری کو اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔ میں نے سیلاب سے ہونے والے نقصان کاخودجائزہ لیاہے، موسمیاتی تبدیلیوں اور نقصانات سے بچنے کیلئے ہمیں ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں فوری طور پر 50 فیصدکی کمی لانا ہوگی۔


































