
نئی دہلی: ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ مکمل ہوگئی۔ ہندوستان میں الیکشن کے پہلے مرحلے میں راجھستان ۔ منی پور۔ بہار۔ تریپورہ۔ ارونا چل پردیش۔ تامل ناڈو سمیت اکیس صوبوں میں ووٹنگ ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سولہ کروڑ ساٹھ لاکھ رجسٹرڈ ووٹر میں سے ساٹھ فیصد نے 102 نشستوں کیلئے حق رائے دہی استعمال کیا۔ بعض صوبوں میں صبح سات بجے پولنگ اسٹیشن کھلنے سے پہلے ہی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعض علاقوں میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے لیکن کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔ بیشتر ریاستوں میں ہندوتوا بی جے پی کا پلہ بھاری دکھائی دے رہا تاہم ارونا چل پردیش میں اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔


































