
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 9 مارچ کو بھارتی حدود سے ایک چیز پاکستان میں داخل ہوئی تھی، پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مارچ کو شام 6 بج کر 43 منٹ پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے ایئر ڈیفنس آپریشن سینٹر نے ایک تیز رفتار چیز کو بھارتی علاقے کے اندر دیکھا، ابتدائی طور پر وہ بھارتی حدود میں تھی پھر اچانک راستہ بدل کر پاکستان کی حدود میں داخل ہوئی اور گرگئی، جس سے شہری تنصیبات کو کچھ نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے اس چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی ہے، اس کی کوئی بھی وجہ ہے اس کی وضاحت بھارت کو دینی ہے، ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کررہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ جس وقت وہ چیز بھارت سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئی وہ ممکنہ طور پر غیر مسلح تھی، پاکستانی فضائی حدود میں یہ چیز 3 منٹ چند سیکنڈ موجود رہی تھی جبکہ نشاندہی اور رسپانس کا وقت بالکل درست رہا بھارتی چیز کسی حساس جگہ پر نہیں گری، بھارت کے زیر استعمال ٹیکنالوجی ناقص ہے اور اس پر انہیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اڑنے والی چیز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔


































